گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پانی میں ڈوب گیا،تعفن،مچھر پیدا
مسلسل پانی کھڑا رہنے سے کائی جم گئی ،تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا محال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جوہر کالونی سے حالیہ بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا ،ہر طرف کائی جمنے کے ساتھ ساتھ کلاس رومز میں کھڑے پانی کے باعث تعلیمی امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، اور اٹھنے والے تعفن کے باعث سانس لینا بھی دوبھر ہو چکا ہے سکول انتظامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کو متعدد مرتبہ آگاہ بھی کیا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ، ملیریا مچھروں کی بھر مارنے ناک میں دم کر کے رکھ دیا ہے اور ڈینگی مچھر کی افزائش کا بھی خدشہ ہے ،جس کی وجہ سے اب تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا محال ہو کر رہ گیا ہے ،والدین نے اپنی بچیوں کو سکول بھجوانا کم کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ بیماریاں پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر طالبات خوف کا شکار ہیں، انہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔