امن وامان مو جود ہ اور آئندہ نسلوں کی بقاء کا ضامن :چٹھہ

 امن وامان مو جود ہ اور آئندہ نسلوں کی بقاء کا ضامن :چٹھہ

منبر و محراب سے کسی بھی مسلک کی دل آزاری نہیں ہو نی چاہیے

میانوالی ( نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ ڈی پی او مستنصر فیروز ، اے ڈی سی جی اعجاز احمد جو ئیہ ، اسسٹنٹ کمشنر ز متعلقہ محکموں کے افسران ، تما م مکاتب فکر کے علماء کرام اور ممبران امن کمیٹی نے اجلاس میں بھر پور شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ضلع میانوالی میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے پبلک سیفٹی و سیکورٹی میونسپل سروسز اور دیگر انتظامات کے علا وہ ضا بطہ اخلاق اور کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا یا جا ئے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میانوالی میں ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں سے عرصہ دراز سے امن و امان کی مثالی فضاء قائم ہے اوریہ فضاء اسی صورت بر قرار اور قائم رہے گی جب علما ء کرام اورممبران امن کمیٹی اپنے اپنے مسلک کے لوگوں پر اثر اور کنٹرول قائم رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن وامان کا قیا م مو جود ہ اور آئندہ نسلوں کی بقاء کا ضامن ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تما م مسالک کے لوگ صبرو تحمل بر دباری، رواداری اور بھائی چارے کے اصولوں پر عمل کریں منبر و محراب سے کسی مسلک کی دل آزاری نہیں ہو نی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں میں شرکت کر نیوالوں کو کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل ضرور کروائیں ۔انہو ں نے مزید کہا کہ قانون کی پا سداری کوہر صورت یقینی بنائیں ۔ ۔ڈی پی او مستنصر فیروز نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ امن کمیٹی کا بنیادی مقصد دلوں کو جوڑنا ہے امن کمیٹی کے اراکین کے ضلع بھر میں اتحاد و اتفاق کی جو درخشندہ روایات قائم کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں