لیپس فنڈز بحال نہ ہوسکے ,سینکڑوں سکیمیں التوا کا شکار ہوگئیں

لیپس فنڈز بحال نہ ہوسکے ,سینکڑوں سکیمیں التوا کا شکار ہوگئیں

عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے تحصیل کونسلوں کے کروڑوں کے ترقیاتی کام الگ سے ٹھپ،لاگت بڑھ گئی، اکثر ادھوری سکیموں کے ٹھیکیدار غائب ،ادھورا کام ٹوٹ پھوٹ کا شکار

سرگودھا(نامہ نگار ) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی بھی پوری ہونے کے قریب ہے جبکہ سابقہ مالی سال کے اختتام پر لیپس ہونیوالے فنڈز کی بحالی کے احکامات کے باوجود ان کے اجراء کا تعین نہیں ہو سکا جس کے باعث سینکڑوں سکیمیں التواء کا شکار ہو رہیں اسی طرح عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے تحصیل کونسلوں کے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام الگ سے ٹھپ پڑے ہیں اس طرح سرگودھا ضلع میں ڈویلپمنٹ کا کا م جہاں ابتر صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے وہاں ان سکیموں کی ابتدائی لاگت میں ممکنہ اضافہ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ،ذرائع کے مطابق 30جون کو منجمد ہونیوالے کروڑوں روپے کے فنڈز کی بحالی بابت کئی مرتبہ احکامات تو جاری ہو چکے ہیں مگر متعلقہ ہیڈز میں ان کی منتقلی اور اجراء کا تعین ایک مسئلہ بناہوا ہے ،فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث سینکڑوں چھوٹی بڑی سکیمیں متاثر ہوئی ہیں، اسی طرح سابقہ مالی سال کے آخری مہینے میں تحصیل کونسلوں کے تحت شروع ہونیوالے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے ٹھپ پڑے ہیں بعض پر شروع دن سے کام نہیں ہوا اور اکثر ادھوری سکیموں کے ٹھیکیدار غائب ہو چکے ہیں، جہاں ادھورا کام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگا ہے وہاں یہ ادھوری سکیمیں متعلقہ علاقوں کے رہائشی افراد کیلئے وبال جان بنتی جا رہی ہیں،ستم ظریفی یہ ہے کہ محکمہ بلڈنگز، لوکل گورنمنٹ، روڈز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیگر محکمے کاغذی کاروائی کر کے سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں،جبکہ شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں