ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیسن سٹور پر چھاپہ

ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیسن سٹور پر چھاپہ

کمشنر کا اچانک معائنہ ،پرانی عمارت میں سٹور کی راہداریوں میں لاکھوں کی ادویات،قیمتی کیمیکل راستے میں پڑا تھا،کوئی سکیورٹی نہیں،سٹاک رجسٹر نامکمل،گندگی، ریفریجریٹر خراب , عملہ ڈیوٹی پر تھا لیکن حاضری نہیں لگائی گئی تھی ،کورونا لیب کا معائنہ ،صفائی کا حکم جاری ،سی او ہیلتھ اتھارٹی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی کارکردگی کو مایوس کن قرار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی پرانی عمارت میں قائم میڈیسن سٹور پر اچانک چھاپہ مارا او ر لاکھوں روپے کی ادویات کا راہداریوں میں بغیر کسی سیکورٹی گارڈ کے پڑے ہونے ، سٹاک رجسٹر مکمل نہ ہونے ، سٹور میں گندگی اور عملہ کی موٹر سائیکلز کے کھڑے ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ضلعی ہیلتھ اتھارٹی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کو فوری تمام معاملات درست کرنے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود گزشتہ شام بغیر اطلاع کے ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے انتظام سول ہسپتال کی پرانی عمارت میں قائم میڈیسن سٹور کے معائنہکے لیے پہنچی تو لاکھوں روپے کی قیمتی ادویات راہداریوں میں پڑی تھیں کوئی گارڈ ، سٹور کا انچارج یا محکمہ صحت کا ملا زم موجود نہ تھا۔ کچھ ریفریجریٹر خراب پائے گئے اور ٹھیک حالت میں موجود ریفریجریٹر پر بھی مٹی کی تہہ جمی تھی۔ عمارت میں جالے اور گندگی پائی گئی، ملازمین کے مو ٹر سائیکلز پارکنگ کی بجائے سٹور میں کھڑے تھے اور سٹور کا انچارج غائب تھا۔ ادویات کا رجسٹر میں اندراج پایا گیا لیکن کسی بھی ذمہ دار افسر کے دستخط موجود نہ تھے ۔ لیب ٹیسٹنگ میں استعمال ہونے والے قیمتی کیمیکل کا اسٹاک بھی داخلی راستے پر پڑا تھا ، حاضری رجسٹر کے معائنہ کے دوران بعض عملہ کے موجود ہونے کے باوجود حاضری نہیں لگی ہوئی تھی، کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کورونا بی ایس ایل تھری لیب کا بھی اچانکمعائنہکیا تو لیب کے گردونواح میں گھاس پھوس، کانٹے دار جھاڑیاں اور کچرے کے ڈھیر لگے دیکھ کر شدید غصہ کا اظہار اور ایم ایس کی سرزنش کی۔انہوں نے لیب کے گردونواح میں فوری صفائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے لیب کے سٹاک رجسٹر کا معائنہ، عملہ کی حاضری و دستیابی کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بی ایس ایل تھری لیب کو سرگودھا کے علاوہ خوشاب، میانوالی اور چکوال سے بھی کرونا کے روازنہ تقریباً دو ہزار ٹیسٹ وصول ہو رہے ہیں جبکہ لیب میں ٹی بی کے مریضوں کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔کمشنر نے سی او ہیلتھ اتھارٹی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے انہیں تمام معاملات فوری درست کرنے کی ہدایت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں