ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل، نگرانی کیلئے ٹیمیں فعال
پنجاب حکومت کے ضلع کی سطح پر انسپکشن ٹیمیں فعال کرنے اور ان میں اچھی شہرت والے افسر شامل کرنے کے احکامات جاری، غیر معیاری میٹریل کی رپورٹ ارسال کرینگے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) صوبائی حکومت نے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کو روکنے کیلئے ضلع کی سطح پر انسپکشن ٹیمیں فعال کرنے اور ان میں اچھی شہرت رکھنے والے افسران شامل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ،ٹیموں کے ارکان جاری ترقیاتی سکیموں کا موقع پر جا کر معائنہ کریں گے اور ناقص و غیر معیاری میٹریل کے استعمال اور ترقیاتی کام کی سست روی کی رپورٹ متعلقہ محکمے اور حکومت کو ارسال کی جائے گی، جسکی روشنی میں ٹھیکیداروں کو پہلے وارننگ دیکر کام کی رفتار بڑھانے اور معیاری میٹریل استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ راہ راست پر نہ آنے والے ٹھیکیداروں اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس حوالے سے ٹی او آر ز جاری کر دیئے گئے ، ذرائع کے مطابق حالیہ سالوں کے دوران تعمیراتی کاموں کے دوران ناقص میٹریل سمیت تاخیری حربے استعمال اور دیگر بد عنوانیوں کی شکایات موصول ہونے پر یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے ۔