ترقیاتی منصوبوں کی فیلڈ مانیٹرنگ کو فعال بنائیں:کمشنر

 ترقیاتی منصوبوں کی فیلڈ مانیٹرنگ کو فعال بنائیں:کمشنر

نئی سکیموں کا تمام پراسس بشمول ٹینڈرنگ جلد مکمل کروانے کی ہدایت, فرح مسعود کو فاریسٹ پارک اور سٹی فیملی پارک سے متعلق بریفنگ

میانوالی (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار)کمشنر سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ تعمیراتی محکموں کے افسران جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے فیلڈ میں مانیٹرنگ کے نظام کو فعال بنائیں اور معیاری میٹریل کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنائیں ۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد کے ہمراہ ضلعی ترقیاتی جائزہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررکردہ ٹائم میں مکمل کرنے کیلئے تما م تر وسائل برؤے کار لائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید حسن رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے تمام سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن نے کہا کہ نئی سکیموں کا تمام پراسس بشمول ٹینڈرنگ جلد مکمل کروائیں تاکہ ان پر جلد از جلد کام کا آغاز ہو سکے ۔ ڈپٹی کمشنر خرم شہزادنے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو سٹی ڈویلپمنٹ پیکج اور نئی اے ڈی پی سکیموں پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بیشتر سکیمیں ٹینڈرنگ پراسس تک پہنچ چکی ہیں جبکہ متعدد ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈ ر ہوچکے ہیں اور ورک آرڈر جاری ہونے والے ہیں۔ بعدازاں کمشنر سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کنزویٹر فاریسٹ اور ڈی ایف او سے کندیاں فاریسٹ پارک اور سٹی فیملی پارک سے متعلق بریفنگ لی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں