بوٹا نیکل گارڈن میں میوزیم قائم کر کے پرانے شاہ پور ضلع کی ثقافت اور تاریخ کو محفوظ بنانے کا فیصلہ
منصوبے کا تخمینہ ایک کروڑروپے ، شاہپور ضلع اور سرگودہا ضلع کی تاریخ ’ ثقافت اور ہینڈی کرافٹس سمیت دیگر اشیاء کو محفوظ بنایا جائیگا ،کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پرانے شاہ پور ضلع کی ثقافت اور تاریخ کو محفوظ بنانے اور نئی نسل کو ضلع سرگودہاسے قبل کے شاہ پور ضلع کے بارے آگاہی کیلئے بوٹانیکل گارڈن میں میوزیم بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے اس منصوبے کا تخمینہ ایک کروڑروپے لگایاگیاہے ۔میوزیم میں شاہپور ضلع اورموجودہ سرگودہا ضلع کی تاریخ ’ ثقافت اور ہینڈکرافٹ سمیت دیگر اشیاء کو محفوظ بنایا جائیگاتاکہ سیاحوں کو یہاں کی تاریخ بارے آگاہی ہو سکے ۔ اس امر کا انکشاف کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کیاگیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر ’ ڈی جی پی ایچ اے یاسر بھٹی ’ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حنا ارشد ’ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد ’ اے ڈی سی ایف اینڈ پی شعیب نسوانہ بھی موجو د تھے ۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ بوٹانیکل گارڈن میں میوزیم کی مجوزہ سائٹ کی منتقلی کیلئے بورڈ آف ریونیو سے سفارش کی گئی ہے کہ میوزیم کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔کمشنر نے میوزیم کیلئے تمام ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے اور پی ایچ اے کو ٹائم لائن سیٹ کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو ڈی جی پی ایچ اے نے اپنی دیگر جاری سکیموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا،نہوں نے مزید بتایاکہ کمپنی باغ میں ساڑھے پانچ ایکڑ اراضی پر خواتین کیلئے پارک اور جم بنانے کی بھی تجویز زیر غو رہے ۔