خصوصی افراد کو ٹرانسپورٹ پر رعایت حاصل ,ملازمتوں میں کوٹہ کے مطابق حصہ دینے کا فیصلہ

خصوصی افراد کو ٹرانسپورٹ پر رعایت حاصل ,ملازمتوں میں کوٹہ کے مطابق حصہ دینے کا  فیصلہ

یہ افراد معاشرے کا اہم جزو،شریعت کے مطابق ہمارے مال میں حصہ دار ، صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،توجہ کے مستحق ہیں ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر کا خطاب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر ارشد احمد وٹو نے کہا کہ خصوصی افراد کو ملازمتوں میں کوٹہ کے مطابق حصہ دیا جائے گا جبکہ ٹرانسپورٹ پر بھی خصوصی رعایت حاصل ہے ،یہ افراد معاشرے کا اہم جزوہیں، یہ افراد ہماری توجہ کا خصوصی مرکز ہونا چاہیے تاکہ ان کی حق تلفی نہ ہو سکے اور یہ معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں ،یہ لوگ شریعت کے مطابق ہمارے مال میں حصہ دار ہیں ، انہیں مفید شہری بنانے کیلئے ان کی تعلیم وتربیت اور ہنر وفن کی فراہمی معاشرے کی ذمہ داری اور فریضہ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسو سی ایشن فار بلائنڈ کے زیر اہتمام عالمی یوم سفید چھڑی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بصارت سے محروم افراد کو ہنر وفن سے مزئین کر کے انہیں گداگری کی لعنت سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نابینا افراد صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں یہ توجہ کے مستحق ہیں ۔ خصوصی افراد اپنی معذوری کو مجبوری نہ بنائیں ۔بلکہ باہمت اور بلند حوصلہ سے مردانہ وار اپنی معذوری کا مقابلہ کریں۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ’ عارف کوہلی ’ عرفان شاہ اور چیئرمین بلائنڈ ایسوسی ا یشن ریاض بھٹی شامل ہیں ۔ تقریب میں بصارت سے محروم افراد میں سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں