انسداد ڈینگی ,ناقص کارکردگی : 30 افسروں کو شوکاز نوٹس

انسداد ڈینگی ,ناقص کارکردگی : 30 افسروں کو شوکاز نوٹس

کام چور ’ فرضی کارروائیاں کرنیوالے افسر ضلع چھوڑ دیں ورنہ سخت کارروائی کا سامنا ،ایسے افسر لائینگے جو خود کام کریں اور عملے سے بھی جانفشانی سے کام لینے والے ہونگے, فرضی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے خفیہ مانیٹرنگ کاعندیہ ،انسداد ڈینگی اہم کاز ، اس سے عوام کی صحت جڑی ہوئی ہے ،کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں :ڈپٹی کمشنر اصغر جوئیہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے انسداد ڈینگی کی ناقص کارکردگی اور مناسب سرگرمیاں نہ کرنے پر 30 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ۔ انہوں نے افسران پر واضح کیاکہ کام چور ’ فرضی کارروائیاں کرنیوالے اور احساس ذمہ داری سے عاری افسران ضلع چھوڑ دیں ورنہ انہیں سخت انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ضلع میں ایسے افسر لائے جائینگے جو خود بھی کام کرنیوالے اور اپنے ماتحت عملہ سے جانفشانی سے کام لینے والے ہونگے وہ اپنے کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات او رانڈسٹریز کے افسران کو کمیٹی کے اجلاس میں خود شریک ہونے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں انسداد ڈینگی اہم کاز ہے اس سے عوام کی صحت جڑی ہوئی ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں ۔انہوں نے فرضی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے خفیہ مانیٹرنگ کاعندیہ دیا ۔ انہوں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کی انڈسٹریل یونٹ چیک کریں اور ڈینگی لاروا کی تلاش کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کر کے لاروا تلف کروائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس او پیز کے مطابق عملدرآمد کو یقینی نہ بنانے والے افسران کو بھی انتباہی نوٹس جاری کرنیکی ہدایت کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے بتایاکہ گزشتہ تین یوم کے دوران ضلع کے 27مقامات سے لاروا تلاش کر کے تلف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کے 10 کم سرگرمیاں کرنیوالے 20افسران اور اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں