سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز وفد کا دورہ سرگودھا یونیورسٹی

 سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز وفد کا دورہ سرگودھا یونیورسٹی

یونیورسٹی میں 127 پروگرامز میں 24ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں،سلیم مظہر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم کی قیادت میں سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلرڈاکٹر سلیم مظہر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرگودھا یونیورسٹی کے سینئر افسران اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ،میٹنگ کے دوران قومی و بین الاقوامی تحقیقی مواقعوں، طلبہ کی تربیت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں طے پایا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون کی بنیاد رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر نصابی و غیر نصابی تربیتی پروگرامز کے اہتمام سمیت تعلیم کے متنوع موضوعات پر کام کریں گے ۔ فیکلٹی ، طلبہ ، محققین اور ماہرین کا قومی و بین الاقوامی سطح پر تبادلہ کیا جائے گا جبکہ دونوں ادارے مشترکہ طور پر سیمینارز، کانفرنسزاور تعلیمی معلومات کی منتقلی کیلئے کام کریں گے ۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر نے وفد کو بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی پنجاب کی بڑی جامعات میں سے ایک ہے جہاں 127 پروگرامز میں 24ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن ، کیو ایس رینکنگ سمیت درجہ بندی کے دیگر معتبر اداروں کی فہرست میں شامل ہے ۔ حال ہی میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے سرگودھا یونیورسٹی کو ٹیچنگ میں پاکستان کی بہترین یونیورسٹی قرار دیا ہے ۔ ۔ خالد تیمور اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مواقعوں کی کمی نہیں تاہم پاکستان کے حوالے سے عالمی برادری میں پائے جانے والے نقطہ نظر کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کے ہونہار اساتذہ کی کھیپ دیگر ممالک میں بھیج کر پاکستان سے متعلق رائے عامہ کو تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں