چیف سیکرٹری پنجاب اچانک ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال جا پہنچے

چیف سیکرٹری پنجاب اچانک ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال جا پہنچے

’’بچوں کی موت آکسیجن کمی سے نہیں ہوئی ‘‘ ایم ایس،کھلبلی مچ گئی ،وارڈز کا دورہ،چلڈرن ہسپتال کا پی سی ون بنا نے کی ہدایت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اتوار کے روز دورہ سرگودھا کے شیڈول سے ہٹ کر سیدھے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئے ، شیڈول کے مطابق انہوں نے پہلے کمشنر آفس آنا تھا، جہاں کمشنر،ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران انتظار ہی کرتے رہے گئے جبکہ چیف سیکرٹری سیدھا ٹیچنگ ہسپتال پہنچے ، ایم ایس نے ہسپتال میں دی جانیوالی سہولیات اور ایک روز قبل بچو ں کی ایمرجنسی میں پیش آنیوالے واقعہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈز وارڈ میں آکسیجن، دیگر طبی سہولیات موجود ہیں، گزشتہ روز پیڈز وارڈ میں تین نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی وجہ آکسیجن کی عدم دستیابی نہیں تھی، تینوں بچوں کی پیدائش گھر میں ہوئی، تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا ،قبل ازیں چیف سیکرٹری کی آمد پر ہسپتال میں کھلبلی مچ گئی اور انتظامیہ نے فوری طور پر چیف سیکرٹری کو مختلف وارڈز کا دورہ کروایا، اس موقع پر چیف سیکرٹری نے میڈیا سے گفتگو پر معذرت کی، چیف سیکرٹری دو سو بیڈز کے چلڈرن ہسپتال کے منصوبہ کا پی سی ون فوری طورپر تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال ہذا کی توسیع کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کیلئے حکومت جلد فنڈزجاری کر دے گی،چیف سیکرٹری نے ایمرجنسی، یورولوجی، پیڈز، ڈینگی اور مختلف وارڈز کے معائنہ کے دوران فوری طور پر دو وینٹی لیٹرز مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں