اونے پونے گنا خریدنے کی تیاریاں،مڈل مین کی تیاریاں

اونے پونے گنا خریدنے کی تیاریاں،مڈل مین کی تیاریاں

کرشنگ سیزن کی آمد کے ساتھ ہی جگہ جگہ غیر قانونی کنڈے قائم

سرگودھا(نامہ نگار ) مجوزہ کرشنگ سیزن 2021-22 کے تحت امسال بھی غیر قانونی کنڈوں کے ذریعے مڈل مین نے کسانوں سے اونے پونے داموں گنا خریدنے کیلئے لنگوٹ کس لئے ، ذرائع کے مطابق امسال بھی کرشنگ سیزن کی آمد کے ساتھ ہی جگہ جگہ غیر قانونی کنڈے قائم کئے جا رہے ہیں جن کی شوگر ملوں میں بیٹھے انتظامی افراد کی نشاندہی پر محکمہ لیبر کے ذریعے باقاعدہ منظوری کروائی جاتی ہے ،ان کنڈوں پر ناپ تول میں کمی کے علاوہ من مانے نرخوں پر گنے کی خرید و فروخت کے بعد شوگر ملوں کی یہی انتظامیہ انہیں ماننے سے انکار کر دیتی ہے جس کا مقصد لائسنس فیس ، مارکیٹ فیس اور روڈ اسیس کی ادائیگیوں سے بچنا ہے اس عمل سے کسانوں کا استحصال تو ہوتا ہی ہے دوسری طرف سرکاری خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جاتا ہے ،ان غیر قانونی کنڈوں پر کسی قسم کا ریکارڈ مرتب نہیں کیا جاتا تاکہ ٹیکس سے بچا جا سکے ،یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس حوالے سے مارکیٹ کمیٹی اور ضلع کونسل کے ‘‘ این او سی ’’کو ضروری قرار دیا گیا ہے جس کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کو اس حوالے سے نگرانی کا ٹاسک سونپ دیا گیاہے ، جس کی نشاندہی پر ایکشن لیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں