میانوالی : سیمنٹ کے 5 نئے یونٹس کے این او سی جاری
نجی کاروبار کی ترقی و بہتری کیلئے ہر ممکن سہولیات دے رہے ،امجد خان
میانوالی (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی امور امجد علی خان نے کہا ہے کہ ضلع میانوالی میں صنعتی و کاروباری ترقی و بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ضلع میانوالی میں سیمنٹ کے 5 نئے صنعتی یونٹ قائم کرنے کیلئے این و سی جاری کر دیئے ہیں، جبکہ نجی کاروبار کی ترقی و بہتری کیلئے بھی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک روڈ کی تکمیل کے بعد سی پیک ایریا میں بھی صنعتی یونٹ قائم ہونگے جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار میسر آئے گا بلکہ اس سے ضلع کی اقتصادیات بدل جائے گی۔ معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ہرنولی قائد آباد روڈ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ہوٹل اور میرج ہال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی امور نے فیتہ کاٹ کر اس پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاوش قابل ستائش ہے ،ضلع میں سرمایہ لگایا ہے اور اس پراجیکٹ سے بہت سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔