کالعدم تنظیم کا دھرنا: پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، سخت نا کہ بندی

کالعدم تنظیم کا دھرنا: پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، سخت نا کہ بندی

موٹروے پر نفری تعینات ، 4مختلف ٹرینوں کا رخ سرگودھا کی طرف موڑ دیا ،سرگودھا سے 300اہلکار گجرات، اسلام آباد طلب

سرگودھا(نامہ نگار ) آئی جی پنجاب نے فوری طور پر سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کیساتھ ساتھ اضافی ریز ونفری تیار رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ تمام اضلاع میں حساس اداروں کے افسران کو بھی اپنے اپنے علاقوں کی نظر رکھنے اور لمحہ بہ لمحہ رپورٹ کرنیکی ہدایت کی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ڈی پی او سرگودھا ذوالفقار احمد کی ہدایت پر موٹروے پر اضافی نفری تعینات کرنے کیساتھ ساتھ شہر داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ناکہ بندی سخت کر دی گئی ۔ کالعدم تنظیم کے دھرنے کے باعث ریلوے انتظامیہ نے پشاور، راولپنڈی سے براستہ لاہور کراچی جانیوالی 4 مختلف ٹرینوں کا روٹ سرگودھا کی طرف موڑ دیا ، ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی سے لاہور ریلوے ٹریک پر چلنے والی ٹرینوں کا روٹ ہنگامی طور پر تبدیل کیا گیا ہے ، 4 مختلف ٹرینیں جن میں عوامی ایکسپریس، جعفر ایکسپریس،سر سید ایکسپریس اور 48 ڈاون اور 40 اپ ٹرینوں کا روٹ کندیاں، خوشاب، براستہ سرگودھا، لالیاں، چنیوٹ، لاہور کی طرف کر کے دیا گیا ۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع سرگودھا سے تین سو سے زائد پولیس اہلکار گجرات اور اسلام آباد بھجوا دیئے گئے ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر سرگودھا سے لگ بھگ 160 کے قریب پولیس ملازمین کا ایک قافلہ گجرات جبکہ 200 کے لگ بھگ اسلام آباد سیکورٹی کیلئے پہنچ گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں