انتظامی سیٹوں پر ایڈیشنل چارج ،گھپلوں پر کارروائی کاحکم
چارج زیادہ سے زیادہ تین ماہ ،درجنوں سیٹوں پر سالہا سال سے تعیناتیاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) اہم اور عام نوعیت کی انتظامی سیٹوں پر ایڈیشنل چارج کے قوانین نظر اندازکرنے اور مبینہ مالی بے ضابطگیاں سامنے آنے پر کاروائی کے احکاما ت جاری کر دیئے گئے ، ذرائع کے مطابق فنانس رولز آف بزنس کے تحت کسی بھی سیٹ کا ایڈیشنل چارج زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک دیا جا سکتا ہے ،جس کے بعد مستقل تعیناتی کا بندوبست نہ ہونے یا انتہائی ہنگامی حالات کی صورت میں ہی توسیع کی جا سکتی ہے تاہم اس کیلئے بھی باقاعدہ نئے سرے سے احکامات جاری کرنا ضروری ہیں، مگر سرگودھا ڈویژن میں ضلعی حکومتوں ،ورکس، بلڈنگز، ہیلتھ ، ایجوکیشن، زراعت، فشریز سمیت دیگر محکموں میں درجنوں اہم سیٹیں کئی کئی سال سے ایک ہی آفیسر کے ایڈیشنل چارج میں ہیں جس کی نشاندہی اکاؤنٹ افسران نے ایک رپورٹ میں کی اور بتایا کہ اس مد میں بھاری مالیت کے ایڈیشنل چارج الاؤنسز غیر قانونی طور پر سرکاری خزانے سے نکلوائے جا رہے ہیں، جس پر ضلعی سربراہان کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کر تے ہوئے یہ پریکٹس جلد از جلد روکنے کی ہدایت کی ہے ۔