ریونیو افسروں کو اہداف کی تکمیل کیلئے فیلڈ میں جانیکا حکم
سو فیصد آن لائن گرداوری یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر گرداوری پر خصوصی توجہ دیں،آن لائن سسٹم ضروری:ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے تحصیل سرگودھا کے دیہی مرکز مال اور پٹواریوں کے زیر تعمیر دفاتر کا معائنہ کیا۔انہوں نے پٹواریوں کی حاضری و دستیابی کو چیک کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دیہی مرکز مال پر صارفین کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، پٹوری حضرات کا تمام مینوئل ریکارڈ دستیاب ہونا چاہیے ۔ ریونیو فیلڈ افسران گردآوری پر خاص فوکس کریں اور دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں زیادہ وقت گزار کر مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ محکمہ ریونیو کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گرداوری امور پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سو فیصد آن لائن گرداوری کو یقینی بنایا جاسکے ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو ان کی دہلیز پر رونیو سروسزفراہم کرنا احسن اقدام ہے ، آن لائن گردآوری بھی اسی سلسلہ کی اہم کڑی ہے جو کہ دور جدید میں عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے ۔ گرداوری کے عمل میں شفافیت لانے کیلئے آن لائن سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے کسانوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل نے انہیں پٹواریوں کے زیر تعمیر دفاتر اور گردآوری سمیت دیگر امور پر بریفننگ دی۔