عمارتوں کی منظوری کیلئے فائلیں, ریکارڈ ضلع کونسل منتقل کرنے میں رکاوٹیں ,تحریری نوٹس بھی نظر انداز
7تحصیلوں اور 9 کے قریب ٹاؤن کمیٹیوں سے کالونیوں،میرج ہالز،پٹرول پمپس دیگر کا ریکارڈ بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی،کرپشن پکڑے جانے کا خوف،ردوبدل ہو رہا ہے ،ذرائع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا سمیت ضلع بھر کے درجنوں دیہات، تحصیلوں میں نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں، کالونیز، ٹاؤنز، میرج ہالز، پٹرول پمپس، مارکی ، کنٹرول شیڈ، فیکٹریز، مارکیٹ، کمرشل پلازوں سمیت دیگر عمارتوں کی منظوری کیلئے پیش کی جانے والی فائلوں سمیت منظوری کے مراحل میں داخل دیگر متعلقہ ریکارڈ ضلع کونسل منتقل نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث معاملات گھمبیر صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں ضلع کونسل بحال ہونے کے بعد قانونی طور پر سرگودھا کی 7 تحصیلوں اور 9 کے قریب ٹاؤن کمیٹیوں سے متذکرہ امور کا ریکارڈ ضلع کونسل میں واپس بھجوانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں ذرائع کے مطابق تحریری نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود فائلوں کے ریکارڈ تک رسائی نہیں دی جا رہی ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مبینہ کرپشن کی پکڑ کے پیش نظر ریکارڈ میں رد و بدل کیا جا رہا ہے ،جس سے ضلع کونسل حکام اور درخواست گزاروں کی مشکلا ت میں اضافہ متوقع ہے ۔