معذوروں کیلئے حکومتی اقدامات قابل ستائش:عائشہ صدیقہ

معذوروں کیلئے حکومتی اقدامات قابل ستائش:عائشہ صدیقہ

سپیشل بچوں کے ساتھ سپیشل سلوک کرنا معاشرے کا اوّلین فرض ہے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )ماہر نفسیات گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ عائشہ صدیقہ نے کہا ہے کہ معذور بچوں کو شعور اور زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ ہمارے لیے احترام کے قابل ہیں۔ ذہنی و جسمانی معذور ، نابینا، گونگے بہرے افراد کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت قابل ستائش اقدامات کر رہی ہے ۔ سپیشل بچوں کے ساتھ سپیشل سلوک کرنا معاشرے کا اوّلین فرض ہے ،وہ عالمی یوم معذورین کے حوالے سے منعقدہ خصوصی پروگرام میں خطاب کر رہی تھیں،قبل ازیں پرنسپل مہوش ریاض ، ڈاکٹر ہاورن الرشید تبسم ، چودھری افتخار احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منسٹری آف پاور اینڈ انرجی سید مجتبیٰ زاہدی ، محمد بلال ، اور دیگر نے بھی گفت گو میں حصہ لیا۔ عائشہ صدیقہ نے مزید کہا کہ معذوری قدرت کا ایک امتحان ہے ۔ بصارت سے محروم بصیرت کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے ۔ پرنسپل مہوش ریاض نے کہا کہ حیات مستعار میں ہمیں کسی کو بھی کمتر نہیں سمجھنا چاہیے ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ قدرت کے کارخانے میں کوئی چیز چھوٹی بڑی نہیں، مولا کریم کی حکمت ہے ۔ کوئی بھی چیز نکمی نہیں ہے ۔ ہمیں کسی کی تضحیک نہیں کرنی چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں