شاہ پور میں تحصیل کچہری کی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار
لینٹر سے سیمنٹ اکھڑ کر ٹکڑوں کی صورت میں گرنے لگا ،متعدد افراد زخمی
شاہ پور صدر(نمائندہ دنیا )شاہ پور میں تحصیل کچہری کی عمارت جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے چھتوں پر کئی جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں جبکہ لینٹر سے سیمنٹ اکھڑ کر ٹکڑوں کی صورت میں گرنے لگا ہے جس سے کچہری میں آئے ہوئے کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں تحصیلدار کے کمرے کی چھت اور دیواریں بھی محفوظ نہیں رہیں۔ جبکہ بارش کی وجہ سے چھتوں سے بارش کا پانی ٹپکنے لگتا ہے جس سے سٹورروم میں رکھا محکمہ مال کا قیمتی ریکارڈ تباہ ہو رہا ہے ۔ تحصیل آفس میں عوام اور سٹاف کیلئے بنائی گئی لیٹرین بھی بند ہو چکی ہیں۔ قانونگو رانا مشتاق حسین نے بتایا کہ تحصیل آفس کی عمارت آج سے چالیس سال قبل تعمیر کی گئی تھی جو اب بری طرح تباہ حال ہو چکی ہے تحصیل آفس کی خستہ حالی کے بارے میں متعدد مرتبہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو لکھا جا چکا ہے جبکہ کئی مرتبہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار تحصیل آفس کا معائنہ بھی کر چکے ہیں۔