کندیاں:امجد خان،خرم شہزاد،اسماعیل الرحمن کی کھلی کچہری
پولیس،زراعت،سوئی گیس،محکمہ مال، تعلیم،واپڈا،نادرا بارے شکایات,موقع پر محکموں کے سربراہوں کو درخواستیں مارک،مسائل حل کرنیکا حکم
کندیاں،میانوالی (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )عوام کے مسائل کے حل کیلئے ایم این اے امجد علی خان،ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسماعیل الرحمن نے کندیاں میں مشترکہ خدمت کھلی کچہری لگائی ، شہریوں نے خدمت کچہری میں کثیرتعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ضلع بھر کے تمام صوبائی و وفاقی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے اس موقع پر شہریوں نے محکمہ پولیس،زراعت،سوئی گیس،محکمہ مال،محکمہ ایجوکیشن،واپڈا،نادرا اور ٹاؤن کمیٹی کندیاں کے بارے مسائل پیش کئے جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے امجد علی خان، خرم شہزاد اور اسماعیل الرحمن کھاڑک نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو درخواستیں مارک کرتے ہوئے انکے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میانوالی خرم شہزاد اور ڈی پی او اسماعیل الرحمن نے شرکاء شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مختلف علاقوں اور ضلع و تحصیل لیول پر انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی دفتر کے چکر کاٹنے کے بجائے ان کے مسائل ان کے گھر آکر حل کئے جائیں۔ اس موقع پر امجد علی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے اور ہماری حکومت کا مقصد صرف اور صرف شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ 11 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان میانوالی آرہے ہیں جس پر ہم نے میانوالی کے بیٹے اور میانوالی کی پہچان کا فقید المثال استقبال کرنا ہے ۔