پنجاب حکومت نے سرگودھا میڈیکل کالج تحویل میں لے لیا
مالی معاملات، زمین، ایڈمنسٹریٹو کنٹرول، و دیگر معاملات اب سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کے تحت ہونگے
سرگودھا(اکرم عامر ) حکومت پنجاب نے سرگودھا میڈیکل کالج جو کہ پہلے یونیورسٹی آف سرگودھا کے تحت چل رہا تھا کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اب میڈیکل کالج کے معاملات حکومت پنجاب دیکھے گی، سرگودھا میڈیکل کالج اور نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کو پنجاب حکومت کی تحویل میں لینے کا فیصلہ پنجاب کابینہ کے 49 ویں اجلاس میں کیا گیا تھا، ایک روز قبل نواز شریف میڈیکل کالج کو حکومت پنجاب کی تحویل میں لینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تو سرگودھا کے شہریوں اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد میں بے چینی کی سی کیفیت پائی جا رہی تھی، اور تاثر پھیل رہا تھا کہ سرگو دھا میڈیکل جوں کا توں رہے گا۔ حکومت پنجاب نے سرگودھا میڈیکل کالج کو بھی اپنی تحویل میں لینے کا حکم جاری کر دیا ہے اس طرح سرگودھا میڈیکل کالج کے مالی معاملات، زمین، ایڈمنسٹریٹو کنٹرول، و دیگر معاملات اب سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کے تحت ہونگے ، حکومت پنجاب کے اس فیصلے سے سرگودھا کے سرکاری ہسپتال کو میڈیکل کی تعلیم کے طلباء و طالبات کیلئے اپ گریڈ کرنا پڑے گا اور سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو پائے گی، اور ہسپتال ہذا میں پہلے سے موجود تناؤ بھی کم ہو جائے گا، کیونکہ قبل ازیں ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی اکثریت کاک بال بن جاتی تھی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر والے مریض کے علاج میں کوتاہی کوٹیچنگ کے ذمہ ڈال دیتے تھے اور اور ٹیچنگ والے ڈسٹرکٹ کو مورد الزام ٹھہراتے تھے ، اب ہسپتال کی ایڈمنسٹریشن بھی حکومت پنجاب کے ماتحت ہو گی، اس بڑے فیصلے سے سرگودھا کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے اور حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر سیاسی سماجی، رفاعی تنظیموں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔