40 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بنا رہے ،وزیر سپورٹس
بھیرہ(نامہ نگار )نوجوانوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب کی 40 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں جن کے لئے وزیراعلیٰ نے فنڈ فراہم کر دئیے ہیں بھیرہ سپورٹس کمپلیکس ندیم افضل چن کی خصوصی کوششوں سے مکمل کیا گیا ہے ۔
یہ بات صوبائی وزیر سپورٹس رائے تیمور حیات بھٹی نے بھیرہ سپورٹس کمپلیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ندیم افضل چن، احتشام الحق پراچہ ،سید غلام رضا شاہ بخاری ، خالد محمود آرائیں کے علاوہ عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ،رائے تیمور حیات بھٹی نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ دینے کے لیے صوبہ کے چودہ سو دیہات میں گراؤنڈز تیار کرنے کے لئے زمین مختص کر دی ہے۔
جن میں سے 150 گراؤنڈ مکمل جبکہ 350 اس مالی سال میں مکمل ہو جائیں گے ،ندیم افضل چن نے کہا کہ میں 2008 سے حلقہ کی خدمت میں مصروف ہوں اور اقتدار کے بجائے عوام کی خدمت میرے نزدیک اہم ہے ، جس دن ترقیاتی کام نہ کرا سکا میں سیاست چھوڑ دوں گا۔