مالی امداد بند، جبری مشقت سے آزاد تمام بچوں نے سکول چھوڑ کر دوبارہ بھٹوں پر مزدوری شروع کردی

مالی امداد بند، جبری مشقت سے آزاد تمام بچوں نے سکول چھوڑ کر دوبارہ بھٹوں پر مزدوری شروع کردی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حکومتی منصوبہ کے تحت جبری مشقت سے آزاد کروائے گئے لگ بھگ تمام بچوں نے سکول چھوڑ کر دوبارہ بھٹوں پر کام کرنا شروع کر دیا۔

جس کی سب سے بڑی وجہ مالی امداد کا رکنا اور حکومتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس کا فقدان بتائی جاتی ہے ،بھٹہ مالکان کے لاکھوں روپے کے مقروض والدین نے اپنی مجبوری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کا آغاز تو بڑے زور شور سے ہوا مگر چند ماہ بعد ہی یہ ٹھپ ہو گیا، مالی امداد بھی رک گئی جس کی وجہ سے قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے ، جس کے باعث بچوں کو سکول سے اٹھا کر بھٹوں پر دوبارہ کام پر لگانا ہماری مجبوری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو اس حوالے سے متعدد مرتبہ آگاہ کیا لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی جس پر یہ اقدام اٹھایا ہے ، ذرائع کے مطابق ستم ظریفی یہ ہے کہ صوبائی حکام یا اعلیٰ آفیسر کی آمد پر انتظامیہ ہنگامی طور پر بچوں کو جمع کرکے تصویری سیشن کروا کر سب اچھا کی رپورٹ تو کر رہی ہے مگر عملی طور پر صورتحال مکمل طور پر اس کے برعکس ہے ،انہوں نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں