میٹریل مہنگا، ترقیاتی منصوبے خطرے میں پڑگئے

میٹریل مہنگا، ترقیاتی منصوبے خطرے میں پڑگئے

سرگودھا(نامہ نگار ) تعمیراتی میٹریل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے نہ صرف ٹھیکیدار کمپنیوں کی چیخیں نکلوا دیں،بلکہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بھی خطرے میں ڈال دی ہے۔

 ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 وزیر اعظم کے سسٹین ایبل گولز اچیومنٹ پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سینکڑوں چھوٹے بڑے منصوبے رواں دواں ہیں، ا ن میں متعدد منصوبے سابقہ مالی سال میں شروع کئے گئے تھے ، اور زیادہ تر منصوبوں کی تکمیل کا ہدف 31جون 2022 مقرر ہے تاہم رواں مالی سال کے دوران جہاں بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہاں تعمیراتی میٹریل کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔

بالخصوص سرگودھا کی پتھر مارکیٹ سے تعمیراتی میٹریل کی یکے بعد دیگرے قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد بالآخر ٹھیکیدار کمپنیوں نے صوبائی حکومت سے رجوع کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ابتدائی تخمینہ جات میں اشیاء کے جو ریٹ مقرر تھے اب ان قیمتوں پر اشیاء نہیں مل رہیں، جس کے باعث سکیموں کی تکمیل خطرے میں پڑ گئی ہے ،جس پر صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کو منصوبوں پر نظر ثانی کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو متوازن رکھنے کا ٹاسک سونپا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنیوالے وقت میں مشکلات بڑھنے کا امکان ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ شفافیت بھی خطرے میں پڑی ہوئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں