لڈے والا،جھال چکیاں میں پن بجلی گھر کا منصوبہ ٹھپ
سرگودھا(نامہ نگار ) لڈے والا اور جھال چکیاں کے نہری پلوں پر چھوٹے پن بجلی گھر لگانے کا منصوبہ حکومتی عدم توجہ کے باعث رواں سال بھی شروع ہوتا دکھائی نہیں دے رہا،اور فنڈز کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلی سطح کی ٹیم نے جائزہ لینے کے بعد حکومت پنجاب کو رپورٹ پیش کی تھی کہ اگر حکومت اجازت اور وسائل فراہم کرے تو ان مقامات پر چھوٹے پن بجلی گھر قائم کئے جا سکتے ہیں جن سے 40 میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہو سکے گی جس سے سرگودھا سٹی اور 200 سے زائد دیہاتوں کو انتہائی کم قیمت پر بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
یہاں تک کہ اس کی ساڑھے چار سال کی آمدن سے منصوبے پر خرچ آنے والی رقم واپس کرنے کی پلاننگ بھی بنائی جا چکی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس زیر التواء منصوبے سے آگاہ کرنے پر صوبائی قیادت نے فنڈز اور وسائل کی عدم دستیابی کے باعث مزید پیش رفت سے معذرت کر لی ہے ۔