اسسٹنٹ کمشنر کا بس سٹینڈ بھیرہ پر تجاوزات گرانے کا حکم
بھیرہ(نامہ نگار)ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھیرہ اسسٹنٹ کمشنر سارہ لونی نے جنرل بس سٹینڈ بھیرہ پر ہر گاڑی سے فی پھیرا 2 سو روپیہ کی غیر قانونی وصولی کی شکایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی اور بس سٹینڈ پر قائم تمام تجاوزات کو فوری گرانے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف آفیسر بلدیہ سید یاسر علی گیلانی کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ کے دورہ کے دوران ٹرانسپورٹرز نے شکایت کی تھی کہ بلدیہ کی پرچی فی پھیرا 15 روپیہ کی بجائے 2 سو روپیہ فی پھیرا وصول کیا جا رہا ہے جس پر ان کے حکم پر انکروچمنٹ انسپکٹر نے سرکاری کام میں مداخلت اور غیر قانونی وصولی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے لئے تھانہ بھیرہ میں درخواست دے دی ہے۔
چیف آفیسر سید یاسر علی گیلانی نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ کی پارکنگ فیس کی نیلامی جلد کرائی جائے گی تاکہ بلدیہ کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہو سکے ۔