ڈی ایچ کیو ہسپتال میں احساس پروگرام کھانے کا آغاز
بھکر،دُلے والا (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا )حکومت پنجاب کے احساس پروگرام کے تحت ڈی ایچ کیو ہسپتال میں غریب و نادار افراد کیلئے مدنی دستر خوان پر مفت کھانے کا آغاز کردیا گیاہے۔
اس سلسلہ میں علاج معالجہ کیلئے داخل مریضوں کے عزیز و اقار ب کومدنی دستر خوان پر ایک وقت کا کھانامفت فراہم کیا جائیگا جس کا باقاعدہ طور پر ڈپٹی کمشنر حامد محمود ملہی نے افتتاح کردیا ہے ۔
اس موقع پرہیلتھ ،ہسپتال انتظامیہ سمیت صوفی ویلفیئر ٹرسٹ کے حاجی محبوب الرحمن بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر حامد محمود ملہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں مریضوں کیساتھ تیمارداری کیلئے آنیوالے افراد کیلئے مفت کھانے کا اہتمام بلاشبہ نہایت عمدہ اور نیک عمل ہے جس سے غریب و نادار افراد بھرپور مستفید ہونگے ۔
انہوں نے ہسپتال اورمد نی دستر خوان انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ فراہم کردہ کھانا معیاری انداز میں بروقت مریضوں کے عزیز و اقار ب کو پیش کیا جائے اس سلسلہ میں قطعی طور پر کوتاہی سامنے نہ آنے پائے ،کھانے کے معیار کو جانچنے کیلئے مستقل بنیادوں پرمانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔