گاڑیوں کی ٹرانسفر، رجسٹریشن کا بائیومیٹرک نظام بلاک

گاڑیوں کی ٹرانسفر، رجسٹریشن کا بائیومیٹرک نظام بلاک

سرگودھا(نامہ نگار ) سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں محکمہ ایکسائز کا نادرا سے منسلک آن لائن سسٹم ابتداء میں ہی بلاک، محکمہ کو کروڑوں روپے کی وصولیاں ٹھپ، سائلین خوار ہو کر رہ گئے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے حال ہی میں گاڑیوں کی ٹرانسفر اور رجسٹریشن کاعمل بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے نادر اسے منسلک کیا ،اس حوالے سے ضلع سرگودھا میں 5جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں 8بائیومیٹرک مشینیں نصب کر کے کمپیوٹرز سے منسلک کی گئیں۔

تاہم یہ منصوبہ ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ابتداء ہی میں مختلف مسائل کے باعث بالآخر گزشتہ روز مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا، سسٹم بلاک ہونے سے جہاں محکمہ ایکسائز کو لگ بھگ بیس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا وہاں ہزاروں کی تعداد میں سائلین خوار ہو کر رہ گئے ہیں،اور عملے کے ساتھ ان کی تو تکرار اور جھگڑا کرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایکسائز دفاتر میں پہلے سے موجود کمپیوٹرز سے بائیومیٹرک مشینیں اور سافٹ وئیر انسٹال کیں جن میں پہلے ہی بہت زیادہ لوڈ ہے۔

حکومت نے جلدی جلدی میں دفاتر کے سسٹمز کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے انہی لوڈ ڈال دیاجس کی وجہ سے یہ نادر اسے منسلک ہی نہیں ہو رہا، جس کی وجہ سے سائلین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں ،جب تک پرانے سسٹم اپ گریڈ کر کے نہیں لگائے جاتے اس وقت تک آن لائن بائیومیٹرک سسٹم مسائل ہی پیدا کرے گا، جس میں نقصان حکومت کابھی ہو رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں