مارکیٹ کمیٹی سرگودھا میں وصولیوں کے حوالے سے چھان بین ٹھپ

مارکیٹ کمیٹی سرگودھا میں وصولیوں کے حوالے سے چھان بین ٹھپ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مارکیٹ کمیٹی سرگودھا میں وصولیوں کے حوالے سے چھان بین ٹھپ، بے ضابطگیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے علم میں آیا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے وصولیوں و اخراجات ظاہر کئے گئے اعد اد و شمار حقیقت کے برعکس ہیں، اس حوالے سے قبل ازیں تحقیقات کا حکم بھی جاری ہوا جو کہ مبینہ سیاسی مداخلت کے باعث معاملہ ٹھپ ہو گیا جبکہ نچلے عملہ نے مارکیٹ کمیٹی کوبدستور یرغمال بنا رکھا ہے۔

33 پھاٹک، 85 جھال، 92 موڑ، سکیسر، مانگنی پل، چک جودھ، شاہ پور، 27 جنوبی، اجنالہ، قصائیاں والا پل و دیگر مقامات سے ہونیوالی وصولیوں اور سہولیات فراہمی کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ مبینہ طور پر خور د برد کیا جا رہا ہے ، جبکہ ریڑھی اور خوانچہ فروشوں سے بھی بھاری وصولیاں کر کے افسران و ملازمین اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔

بالخصوص پارکنگ اور کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مختص جگہوں کا غیر قانونی استعمال پر بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، جبکہ مارکیٹ کمیٹی افسران کی جانب سے حکام بالا کو سب اچھا کی کارکردگی رپورٹ اور مارکیٹ کمیٹی کو مسائل زدہ ظاہر کرنا معمول بنا ہوا ہے ، اس صورتحال میں کوشتکار اور چھوٹا دوکاندار پس کر رہ گیا ہے ، کاشتکاروں اور دوکانداروں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں