بھیرہ کے تاریخی مقامات کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کر دئیے گئے
سرگودھا(نامہ نگار) یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بھیرہ کے تاریخی مقامات کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور پنجاب ایس ڈی جی سپورٹ یونٹ کے اشتراک سے پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کی طرح سرگودھا کے تاریخی مقامات کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کیلئے بھیرہ کے علاقے کو ‘‘والڈ سٹیز مہم ’’میں شامل کر لیا گیا ہے ،اور حکومت پنجاب کی جانب سے اقدامات تیز کر تے ہوئے یو این ڈی پی کی اعلیٰ سطح کی ٹیم تشکیل دیدی ہے ،جو اسلام آباد سے 24جنوری کو تین روزہ دورے پر بھیرہ آئے گی۔
اس موقع پر مختلف تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے ابتدائی فیزبیلٹی رپورٹس تیار کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی بابت جائزہ بھی لیا جائے گا، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور بلدیاتی ادارے کے سربراہ کودورہ کے انتظامات ، ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون اور معلومات تک رسائی ہر ممکن یقینی بنانے کی ہدایت بھی جار ی کر دی گئی ہے ۔