سرگودھا یونیورسٹی میں بزنس آئیڈیاز کے مقابلہ جات کا انعقاد

سرگودھا یونیورسٹی میں بزنس آئیڈیاز کے مقابلہ جات کا انعقاد

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینے کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں بزنس آئیڈیاز کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

ریجنل پلان9سرگودھا سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ اس مقابلہ میں نوجوانوں کی جانب سے آئی ٹی، ڈیجیٹل، میڈیکل، زراعت، سیاحت، ٹرانسپورٹ، ای کامرس و دیگر شعبہ جات سے متعلقہ 21 منفرد بزنس آئیڈیاز پیش گئے جن میں سے منصفین نے 11 متاثر کن آئیڈیاز کو منتخب کیا۔ تقریب میں چیمبر آف کامرس کے صدر شعیب بسرا، چیمبر آف کامرس برائے خواتین کی نائب صدر سعدیہ خان، ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر فاروق انور، ریجنل پلان 9 کی ٹیم نے شرکت کی۔ ریجنل پلان9 پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے منفرد اور منافع بخش کاروباری آئیڈیاز کو فروغ دے رہا ہے ۔

چیمبر آف کامرس، تعلیم، ٹیکنالوجی و قانونی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین ہارون رشید، سعدیہ خان، غلام علی بھٹی، فاروق جاوید، تنزیلہ ریاض نے منصفین کے فرائض انجام دیے ۔منتخب ہونیوالے آئیڈیاز میں ایمازون پر کاروبار سے متعلقہ ’’ایمازون رِپل‘‘، ڈیٹا ریکوری کی سہولت پر مبنی ’’مسٹر ڈیٹا لیب‘‘ ، اپنی تصویر، ویڈیوز یا جملے کو آن لائن بیچنے کے آئیڈیا ’’این ایف ٹی ڈیزائن‘‘، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت اور گھر بیٹھے اشیا منگوانے کیلئے ’’اپنی سواری‘‘، معیاری اور کم قیمت کپڑوں کے برانڈ ’’مارا فیب‘‘، گھریلو و کاروباری تقریبات کا انتظام کرنے کیلئے ’’ایونٹس بائے پاش‘‘، مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا ریکارڈ رکھنے والی ایپلی کیشن ’’میڈیک لیجر‘‘، مچھلی کے چمڑے سے جوتے ، ہینڈ بیگ و دیگر اشیاء بنانے کے بزنس آئیڈیا ’’ایکوا نیوٹریشن‘‘، آن لائن خریداری کی سہولت دینے کے ’’کارٹ ای سٹور‘‘، گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے اور تعلیمی کارکردگی جانچنے کیلئے ایپ ’’کلاس لو‘‘ موبائل و کمپیوٹر کی اسیسریز فراہم کرنے کیلئے \'\'ایم ایل اسیسریز\'\' شامل ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں