کمسن ڈرائیورز بنا لائسنس کیری ڈبے چلانے میں مصروف

کمسن ڈرائیورز بنا لائسنس کیری ڈبے چلانے میں مصروف

بھلوال(نمائندہ دنیا)کم سن ڈرائیورز ،بنا ڈرائیونگ لائسنس کیری ڈبوں پر مختلف پرائیویٹ کالجز کی طالبات کی زندگیاں داؤ پر لگا کر گاڑیاں چلارہے ہیں۔

پرائیویٹ کالجز نے بھی ان کیری ڈبہ ڈرائیورز کی نہ تو کبھی معلومات اکھٹی کی ہیں اور نہ ہی ڈرائیونگ لائسنس سمیت گاڑیوں کے کاغذات چیک کئے ہیں تیزرفتاری کے باعث شہر میں کیری ڈبوں کو کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں ان کیری ڈبوں کو نہ تو کالج انتظامیہ چیک کرتی ہے اورنہ ہی انہیں ٹریفک پولیس اہلکارچیک کرتے ہیں طالبات کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر انہیں غیر محفوظ بنادیا گیا ہے ۔

تفصیل کے مطابق شہر سے باہر واقع پرائیویٹ کالجز کی جانب طالبات کو لیجانے والے کیری ڈبے جن کے ڈرائیورزاس قدر تیزرفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں کہ حادثہ کا سبب بن جاتے ہیں ان میں ایسے کیری ڈبے بھی شامل ہیں جو اتنی زیادہ تعدادمیں طالبات کواوورلوڈ کرکے ان کی زندگیوں سے کھلواڑکرتے ہیں اورنہ ہی ان کیری ڈبوں کے ڈرائیورزکے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس ہے اورنہ ہی گاڑیوں کے کاغذات پورے ہیں ۔

پرائیویٹ کالج حکام اور ٹریفک پولیس نے بھی ان چلتے پھرتے موت کے جھولوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے طالبات کے والدین نے اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے افسران بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پھاٹک کے قریب گزرنے والے ان کیری ڈبوں کے ڈرائیورز کے لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات چیک کریں اورغفلت کا مظاہرہ کرنیوالے ڈرائیورز کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں