ویٹرنری ہسپتالوں میں علاج نہ ادویات:وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت نوٹس

ویٹرنری ہسپتالوں میں علاج نہ ادویات:وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت نوٹس

سرگودھا(نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے کروڑ وں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کے باوجود سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں ویٹرنری ہسپتالوں میں علاج ،ادویات کے فقدان اور فارمرز کی بڑھتی ہوئی مشکلات کا نوٹس لے لیا اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان ہسپتالوں کی براہ راست مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے سپرد کر دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے علم میں آیا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے محکمہ لائیو سٹاک کو کرو ڑوں روپے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود ویٹرنری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر نہیں ہو رہی ، سہولیات و ادویات کے فقدان کی بڑھتی ہوئی شکایات باعث تشویش بنتی جا رہی ہے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس لئے جانے پرمعاملہ پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم کی زیر صدارت اجلاس میں زیر بحث آنے کے بعد ان ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیئے گئے ۔

اس ضمن میں ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنکل لائیو سٹاک اینڈڈیری ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر عثمان طاہر کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کوخصوصی اختیارات تفویض کرتے ہوئے نوٹیفکیشن اور گائیڈ لائن جاری کر دی گئی جس کے مطابق وہ ہفتہ میں دو ویٹرنری ہسپتالوں کی مکمل انسپکشن کرینگے اور حکومت کے دیئے گئے معیار کے مطابق ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی مہم چلانے کا بھی کہا گیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں