تفتیشی افسروں کی بہترین تربیت وقت کی ضرورت:ڈی پی او
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد خان نے ضلع بھر کے تفتیشی افسران کو پراسیکیوشن برانچ کے تعاون سے منعقد کیے جانیوالی آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے قواعدوضوابط میں ہونیوالی تبدیلوں سے آگاہی ضروری ہے۔
مقدمات کی تفتیش اور چالان کی تیاری کیلئے تفتیشی افسروں کی بہترین تعلیم وتربیت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ تمام تفتیشی افسران دلجمعی سے کام کریں اور پراسیکیوشن برانچ کی طرف سے چالان پر لگائے گئے اعتراضات دور کرنے کیلئے متعلقہ پراسیکیوٹرز کے ساتھ ملکر اقدامات کریں۔ اس موقع پر پراسیکیوشن برانچ کے عملہ نے چالان مقدمہ میں کی جانے والی معمولی غلطیوں کی نشاندہی کی اور ان کو دور کرنے کیلئے آگاہی دی ۔ یہ ورکشاپ ضلع بھر کے تمام تفتیشی افسران کو ضروری تربیت دینے تک جاری رہے گی۔