نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے پلاٹوں کی ملکیت کا معاملہ حل نہ ہوسکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر کی پرانی آبادی نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے متعدد پلاٹوں کی ملکیت کا معاملہ تا حال حل نہ ہو سکا، متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں کا بھاری نذرانہ لے کر متعدد پلاٹوں کے مالکان کو کلین چٹ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ شہر کی تقریباً 40 سال پرانی ہاؤسنگ سوسائٹی نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے تینوں بلاکس میں تقریباً 350 سے زائد پلاٹوں کے مالکان حقوق کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے کی وجہ سے کینسل کر دیئے گئے تھے ، جبکہ متعدد مالکان پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی کے اہلکاروں سے مل کر اپنی دکانوں کو تا حال چلا رہے ہیں، یہاں تک کہ زیڈ بلاک میں واقع یوٹیلیٹی سٹور بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہیں، جبکہ اس سے ملحقہ دکانوں کو ہاؤسنگ اتھارٹی نے بند کروا رکھا ہے ، ہاؤسنگ اتھارٹی ذرائع کے مطابق پلاٹ مالکان اپنی د کانوں کو کمرشل کروانے کیلئے تیار ہیں لیکن کمشنر آفس میں تا حال ایسے مالکان کی فائلیں جوں کی توں پڑی ہیں، جسکی وجہ سے پلاٹ مالکان کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، کمشنر سرگودھا ان فائلوں پر احکامات جاری کر دیں تو نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقہ کے مکینوں کی مشکلات کم ہو سکتی ہیں۔