میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ریکوری اہداف بہتربنانے کاآرڈر
ملتان( وقائع نگار خصوصی )کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے میٹروپولیٹن کارپوریشن دفتر کا اچانک دورہ کرکے تمام برانچوں کو ازخود چیک کیا، غیر حاضر افسروں و اہلکاروں کی لسٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا ۔
انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن شہریوں کو سہولیات کی سہل فراہمی کیلئے کام کرے ،تمام ایم او آرز کو مکمل ریکارڈ کیساتھ بریفنگ دیں۔انہوں نے ریکوری کے اہداف بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ، تجاوزات، غیر قانونی عمارات کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ،شکایات کے حل بارے میکنزم بنایا جائے ۔ شہریوں کو معلوم ہو کہ انکے مسائل حل ہورہے ہیں اور انکی شکایات پر کارروائی کی جارہی ہے ۔موصول،حل شدہ اور زیر التواء شکایات کا ڈیٹا مرتب کیا جائے ۔ عامر خٹک نے کہا شہر کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنا کردار ادا کرے ،جگہ جگہ لگے ہوئے بینرز پوسٹرز، تجاوزات نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے ۔