ڈی ایچ کیوز ، ہسپتال سولر پر منتقل کرنے کا حکم

ڈی   ایچ   کیوز   ،   ہسپتال   سولر   پر   منتقل   کرنے   کا   حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے ڈویژن بھر میں ڈینگی ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور 27نومبر سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔۔۔

انہوں نے تمام ڈی ایچ کیوز ہسپتالوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے علاوہ سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں ۔ وہ اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں چیف سیکرٹری پنجاب کے عوامی بہبود کے مختلف اقدامات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ کمشنرنے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری کا عمل شفاف انداز میں جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہوں ۔ انہوں نے ہسپتالوں کے یوٹیلیٹی بلز کی سو فیصد ادائیگی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ڈویژن بھر میں کھاد کی مہنگے داموں فروخت کابھی نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت کو گراں فروشوں او رمصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو کھاد کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کے علاوہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ، ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر علی ، ڈپٹی میانوالی سجاد احمد خان ، ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان ، ڈائریکٹر زراعت شاہدحسین ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض اور ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک شاہ بہرام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں