یونیورسٹی آف سرگودھا میں لنکن کارنر کا چلڈرن سمر کیمپ ختم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں لنکن کارنر کے زیرِ اہتمام چلڈرن سمر کیمپ اختتام پزیر ہو گیا۔۔
چار ہفتوں پر محیط سمر کیمپ میں گریڈ دو سے چا ر اور کلاس پانچ سے آٹھ تک کے تقریباََ 90 بچوں نے شرکت کی ۔ سمر کیمپ میں طلبہ کو آرٹ اینڈ کرافٹ، تخلیقی تحریر نگاری، موسیقی، قصہ گوئی اور ٹیکنالوجی پر مشتمل پراجیکٹس کا حصہ بنایا گیا ۔ سمر کیمپ میں طلبہ کی تخلیقی، ابلاغی اور سماجی مہارتوں میں نکھار لانے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں لنکن کارنر کے فوکل پرسن و ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمر کیمپ کے انعقاد پر انہوں نے لنکن کارنرکی انتظامیہ کو مبارک باد دی۔