ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میانوالی میں یوم شہدا پر تقریب
میانوالی(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میانوالی میں یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد۔ ڈپٹی کمشنرخالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او میانوالی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلند کیلئے دعا کی۔
اس موقع پرپولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی یاد میں 04 اگست کو یوم شہدائے پولیس کے طور پر منایا گیا۔اس سلسلہ میں پولیس لائنز میانوالی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ ،ڈی پی او میانوالی مطیع اﷲ خان اور شہدائے پولیس کی فیملیز نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران و جوانوں سمیت میڈیا اور سول سوسائٹی کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈی پی او میانوالی نے تقریب میں شامل فردا ًفرداً شہداء کے فیملی ممبران سے ملاقات کی، ان سے مسائل دریافت کیے اور ان کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے معاشرہ میں امن قائم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے ہماری جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دی۔ انھوں کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور یہ ہماری آنکھ کا تارا ہیں۔ انھوں نے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہداء کی فیملیز کواپنے بھر پور تعاؤن کی یقین دہانی کرائی ۔ڈی پی او مطیع اﷲ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہم سب کے جان و مال کی حفاظت کے لئے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم بحیثیت قوم اپنے شہداء کی ان لازوال قربانیوں کے مقروض ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او مطیع اﷲ خان نے شہداء کی فیملیز میں شہداء پیکیج تقسیم کیا اور ظہرانہ میں شہداء کے اہل خانہ کی تواضع کی گئی۔