ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کے ڈائیلسز یونٹ میں پانی کی کمی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے گور نمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کے ڈائیلسز یونٹ کی انتظامیہ کی طرف سے پینے اور ڈائیلسز کے لیے استعمال ہونے والے۔۔۔
پانی کے کھارے ہونے اور روزانہ کی بنیاد پر ٹینکر کے دریعے پانی منگوانے کی نشانی دہی پر فوری اجلاس اپنے دفتر میں طلب کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائیلسز یونٹ کو عارضی اور مستقل بنیادوں پر پینے کے پانی کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی گئی اور طے پایا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی فیکٹری ایریا کے مکینوں کو پانی کی فراہمی کی زیر تعمیر واٹر سپلائی سے فوری ڈائیلسز یونٹ کو کنکشن دیا جائے گا جبکہ مستقل بنیادوں پر زیر تعمیر کارڈیالوجی ہسپتال کی واٹر سپلائی سے کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ کمشنر نے رفاعی ادارے کی جانب سے ڈائیلسز یونٹ چلانے کے اقدام کو سراہا اور سرکاری اداروں کو مکمل تعاون کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کو ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے بتایا کہ شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی کے 8 ٹیوب ویلز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے اور میونسپل کارپوریشن کے سپرد کرنے کی کارروائی باقی ہے ۔ کمشنر نے سی او ایم سی کو اپنی ٹیکنیکل ٹیم کو تمام ٹیوب ویلز کا سروے کرکے اپنے کھاتے میں لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سی او ایم سی طارق پرویا ، سی او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران ، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد عمران ، پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فروکہ اور ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر محمد نیر نے شرکت کی۔