اساتذہ کیلئے 3روزہ تربیتی ورکشاپ کا دوسرا مرحلہ شروع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر کے زیرِ اہتمام اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا۔
اس ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ، فیصلہ سازی کی مہارت، دباؤ کے انتظام، اور جدید تعلیمی تکنیکوں سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ تعلیمی نظام کی مسلسل ترقی کے لیے اساتذہ کی تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے ۔ ڈاکٹر حسن رسول نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت ایک مسلسل عمل ہے جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارتا ہے ۔ اساتذہ کو نئی تکنیکوں کو سیکھنا اور اپنانا چاہیے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ڈاکٹر زونیب طاہر نے اساتذہ کی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی ،خورشید یوسف نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہمیشہ سے اساتذہ کی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے کوشاں رہی ہے ۔