ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں،خالد گورائیہ

ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں،خالد گورائیہ

میانوالی (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ضلع میانوالی میں ڈینگی ڈے منایا گیا۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے میونسپل کمیٹی کے جناح ہال میں سیمینار کا انعقاد اور واک کا اہتمام کیاگیا۔

سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ تھے ۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق خان، سی ای او ایجوکیشن ملک طارق عباس، تاجر رہنماء فلک شیر عوامی، عالم دین پروفیسر قاری ظفر اقبال، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر امیر احمد خان،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملک طارق محمود عزیز، محکمہ سوشل ویلفیئر، ریسکیو1122، صحت، سپیشل ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے افسران و عملہ، میڈیا، تاجر برادری اور سول سوسائیٹی کے نمائندگان کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائی جائیں، انھوں نے کہا کہ ڈینگی کے سدباب کیلئے سول سوسائٹی محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے اور ڈینگی کی حفاظتی تدابیر سے متعلق لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔ انھوں نے شہریوں سے اپیل کی اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھیں۔ انھوں نے علماء کرام سے اپیل کی نماز جمعہ کے خطبات میں بھی لوگوں کو ڈینگی کی حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے ۔ سیمینار سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رفیق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے ڈینگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی کے سدباب کیلئے ملکر مشترکہ کاوشیں برؤے کار لائی جائیں۔ انھوں نے شرکاء کو ڈینگی کی حفاظتی تدابیر اور سرویلینس ٹیموں کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کی اور کہا کہ شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاؤن کریں۔ سمینار سے تاجر رہنماء فلک شیر عوامی، سنیئر صحافی رانا امجد اقبال،پروفیسر قاری ظفر اقبال نے بھی خطاب کیا جبکہ معرؤف مقامی شاعر نذیر یاد نے ڈینگی آگاہی کے سلسلہ میں نظم پیش کی۔سیمینار کے اختتام کے بعد ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر نے کی۔ واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں میں ڈینگی سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کئیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی آگاہی کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا اور ڈینگی سپرے میں استعمال ہونے آلات کا معائنہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں