چاروں اضلاع میں ڈینگی ڈے منایا گیا ، ریلیاں ، سیمینارز

چاروں اضلاع میں ڈینگی ڈے منایا گیا ، ریلیاں ، سیمینارز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی ہدایت پر چاروں اضلاع میں ڈینگی ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

 دفاتر و دیگر سرکاری ونجی مقامات اور مشتبہ ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ پر انسدادی سرگرمیاں انجام دے گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود کی قیادت میں آرٹس کونسل کمپلیکس میں سیمینارکا انعقاد اور آگاہی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض ،سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم اسد، فوکل پرسن ڈاکٹر طارق حسن اور پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ سمیت دیگر سرکاری افسران اور دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انسداد ڈینگی ڈے منانے کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی دینا ہے کیونکہ ضلع سرگودہا کو ڈینگی سے پاک رکھنا اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ڈینگی سے بچاوکیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ مچھر کی افزائش و نسل روکنے کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں پایا جاتا ہے ، ڈینگی سے بچنے کا واحد حل مچھر کی افزائش کو روکنا ہے ۔ مچھروں کی ممکنہ افزائش گاہوں کا خاتمہ، ماحول کو صاف اور خشک رکھیں اور مچھر کی افزائش کی روک تھام کیلئے کسی جگہ پرپانی جمع نہ ہونے دیں ۔ سی او ہیلتھ نے بتایا کہ ضلع بھر میں سال 2022 میں 139, سال 2023 میں 66 جبکہ امسال اب تک صرف پانچ ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے چار مریض دیگر شہروں سے منتقل ہوئے ہیں۔ تمام نے بتایا کہ ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں پر ڈینگی کی تشخیص کی سہولیات دستیاب ہیں۔ جبکہ ٹی ایچ کیو پر چار اور ڈی ایچ کیو پر 26 بیڈز ڈینگی مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں سیمینار کے اختتام پر اے ڈی سی آر ، ڈائریکٹر ہیلتھ اور سی او ہیلتھ کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی اور عوام میں انسداد ڈینگی آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔ ضلع کی تمام تحصیلوں میں بھی محکمہ صحت کے زیر انتظام اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ڈینگی ڈے کے موقع پر سیمیناز، واکس کا انعقاد اور شہریوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں