ممکنہ بارشیں : کارپوریشن کو پیشگی اقدامات کرنیکا حکم

ممکنہ    بارشیں   :    کارپوریشن   کو    پیشگی    اقدامات    کرنیکا   حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی اور تمام مین ہولز پر کور رکھنے کاحکم بھی دیدیا ہے۔۔۔

گزشتہ روز کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں شجرکاری مہم ، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن ، ماڈل ریڑھی بازاروں اور ماڈل شاہرات پر مختلف محکموں کی جانب سے اب تک ہونے والی پیش رفت بارے جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے ۔ دکانوں کے باہر سامان رکھنے والے دکانداروں کی تصاویر بنا کر رات ان کی دکانیں سیل کرکے بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں اور دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات بھی درج کروانے جارہے ہیں۔ اسی طرح نقشہ جات نہ رکھنے والی دکانوں کو بھی سیل کرکے مالکان کو نقشہ بنانے کا پابند بنایا جارہا ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خوشاب روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کے ساتھ خیام چوک فلائی اوور کو رنگ رونگن، لائٹنگ اور سبزہ بھی لگایا جارہا ہے ۔ حسین چوک پر مونومنٹ کی تنصیب کے بعد شہر کے تین دیگر مقامات کا تعین کرکے وہاں بھی مونومنٹ رکھے جائیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شاہین چوک میں ماڈل ریڑھی بازار کے قیام کے بعد پرانا پٹھہ منڈی روڈ پر بھی ماڈل ریڑھی بازار بنایا جارہا ہے ، خوشاب روڈ کو نو ریڑھی روڈ قرار دے کر یہاں کی تمام ریڑھیاں پٹھہ منڈی ماڈل بازار میں منتقل کی جارہی ہیں۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف مقامات کا تعین کرکے جھنڈ کی صورت میں درخت لگانے ، نئی گرین بیلٹس کے قیام اور شہر کے داخلی راستوں پر سبزہ و خوبصورتی کے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ شہر میں غیر فعال سٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جارہا ہے ۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی قیادت میں انتظامی افسران کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کے لیے اقدامات کو سراہا اور ٹیم ورک کی صورت میں کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ناکارہ سیور لائنوں کا تعین کرکے انہیں مرحلہ وار تبدیل کروانے کی منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں گوالہ کالونی میں حائل بعض قانونی رکاوٹوں اور محکمانہ اقدامات بارے بریفیگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، اے ڈی سی آر فہد محمود ، اے ڈی سی جی عمر فاروق ، اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڈ ، سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر ، سی او ایم سی زویا بلوچ اور اے سی جی حافظ عبد المنان کے علاؤہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں