کچی آبادی ڈیرہ سائیں جمال روڈ میں سیوریج نالہ کی بندش
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کچی آبادی ڈیرہ سائیں جمال روڈ گلی نمبر 4اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو ناقص سیوریج نالہ کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا۔۔۔
گندا پانی نالیوں اور گھروں میں داخل ہونے سے مکین طویل عرصہ سے پریشان، بتایا جاتا ہے کہ پانچ سال قبل محکمہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے فنڈز سے کچی آبادی میں سیوریج نالہ کی تعمیر کی گئی، جس میں ٹھیکیدار کی ناقص حکمت عملی کے باعث نالہ کی تعمیر کا کام کیاگیا جو کچھ عرصہ بعد ہی بند ہو گیا، اہل علاقہ کی شکایت پر متعدد بار گلی نمبر 4 سمیت دیگر گلیوں کے سیوریج نالہ کو ڈی سلٹنگ کے بعد بند کیا گیا، گلیوں میں پانی کھڑا رہنے سے مکینوں نے مٹی ڈال کر گٹروں کو تین تین فٹ تک دبا دیا، جس کے باعث عملہ صفائی کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس پر گزشتہ دنوں گٹروں کے ڈھکنوں کو اونچا کر کے دوبارہ ڈھکن رکھے گئے اور سکر مشینوں اور عملہ کی مدد سے نکاسی کے لئے کام کیا گیا، لیکن چند دن گزرنے کے بعد صورتحال جوں کی توں ہے ، گلیوں میں کھڑا پانی جوہڑوں کا منظر پیش کر رہا ہے ، جس سے نا صرف علاقہ مکینوں کو گزرنے میں دشواری کا سامنا ہے ، بلکہ بیماریاں پھیلنے کا باعث بھی بن رہا ہے ۔ گلی نمبر 4 کے مکینوں کا کہنا ہے کہ نالہ کی جگہ سیوریج ڈال کر ہمیں اس اذیت سے چھٹکارا دلایا جائے ۔