کمشنر کا تحصیل دفتر لینڈ ریکارڈ سنٹر پر چھاپہ :23غیر حاضر افسر معطل،نائب قاصد فارغ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے جمعہ کی صبح سوا نو بجے تحصیل دفتر اور۔
لینڈ ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ تحصیل دفتر میں تمام تحصیلدار اور نائب تحصیلدار دفتر سے غیر حاضر پائے گئے ، اسی طرح تینوں رجسڑی محرر ، 17 پٹواری اور 03 گرداور بھی دفاتر میں موجود نہ تھے ۔ کمشنر نے غیر حاضر ریونیو افسران و دیگر اسٹاف کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام غیر حاضر تحصیل داروں و نائب تحصیلداروں کو شوز کار جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے تینوں رجسٹری محرر، 17 پٹواری اور تین گرداور کو معطل کرنے کی بھی ہدایت کی۔معطل پٹواریوں میں ریاض احمد ، شیر علی، حیدر، ساجد ، ثقلین شاہ، جواد حسن ،محمد حسن ، محمد عبداﷲ ،نعمان ، زیشان باقر، وقار اکرم، اسحاق یونس ،طاہر نقاش، حافظ زبیر ، وقاص گھمن ، شوکت حیات اور محمد یوسف شامل ہیں۔ اسی طرح معطل ہونے والے رجسٹری محرر میں محمد عباس ، محمد شہباز اور علی عباس شامل ہیں جبکہ معطل گرداور میں معظم جمشید ، اصغر شاہ اور احسان شاہ شامل ہیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے تحصیل دفتر کے اچانک دورہ پر ریونیو افسران کے دفتر سے سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے باہر جانے کا جھوٹ بولنے پر نائب قاصد محمد عارف کو ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ سنٹر کے افسران و عملہ کی دیر سے دفتر آنے پر سرزنش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دفتری اوقات کار کی پابندی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ سائلین دفاتر کے چکر لگاتے رہتے ہیں ، افسران وعملہ مرضی سے دفاتر آتے ہیں۔