پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر متحرک،اشیا کی قیمتوں میں استحکام،فیصلوں پر عملدرآمد چیلنج بن گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکام کی جانب سے سب اچھا کی رپورٹس پر زورہے جبکہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور۔
میٹنگز میں ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد ایک چیلنج بن کر رہ گیا ہے ، جس کے باعث حالیہ دنوں میں گھی، چینی سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کے باعث غریب تو غریب متوسط طبقہ بھی بلبلا اٹھا ہے ، ذرائع کے مطابق سٹہ مافیا کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ مکمل ناکام ہے ، جس کا اندازہ اس امر سے لگاجا سکتا ہے گھی،دالوں کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے کلو تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا،اسی طرح سبزیاں اور گوشت بھی عام طبقے کی پہنچ سے مزید دور ہوا ہے اور رہی سہی کسر گڈز ٹرانسپورٹ کی جانب سے کرایوں میں من مانے اضافہ نے پوری کر دی ،چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیاء کی مصنوعی قلت کا سنا کر الگ سے لوٹ مار جاری ہے ، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میٹنگز میں ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد صرف کاغذی کاروائی پوری کرنے تک محدود ہے ، چند ایک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے علاوہ اکثر متعلقہ افسران مکمل طور پر غیر متحرک ہیں ۔