گندم کی کاشت کے ہد ف کا حصول یقینی بنانیکا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے بھر پور عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
جن میں وزیراعلیٰ نے گندم کی بہتر پیداوار کی خاطر کاشتکاروں کیلئے تاریخی انعامی پیکیج متعارف کرایا ہے ۔ زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرنے والوں کو اربوں روپے مالیت کے انعامات بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے ،صوبائی وزیر نے سرگودھا آمد پر گندم پیدواری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیادہ گندم اگاؤ پیکج کے تحت 1ہزار ٹریکٹرز اور 1ہزار لیزر لینڈ لیولرز کی بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہمی جاری ہے اور سرگودھا سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کوہرصورت یقینی بنایا جائے ، سرگودھا ڈویژن میں 17لاکھ 40 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کاہدف مقرر ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اب تک 15لاکھ ایکڑسے زائد رقبہ پر گندم کاشت ہوچکی ہے اور ڈویڑن میں اپنے ہدف کے برعکس 86 فیصد رقبہ گندم کے زیر کاشت لایا جا چکا ہے ۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا 400 ارب روپے سے زائد کا کسان پیکج کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کا ضامن ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ضلع سرگودھا میں سٹرس کی پیداوار میں اضافہ کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے ۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتحار علی سہو نے کہا کہ گندم کی کاشت کے لئے ماہ نومبر نہایت اہم ہے ۔گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔