پریشر ہارن کا بے دریغ استعمال ،شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا
کندیاں(نمائندہ دنیا )ٹریفک پولیس کی کمزور گرفت کی وجہ سے پریشر ہارن کا بے دریغ استعمال جاری ہے ،شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا۔۔۔
تفصیلات کے مطابق کندیاں شہر کی مرکزی شاہراہ جرنیلی روڈ علی والی تا کچہ پکاموڑ سے گزرنے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں،موٹر سائیکل،چنگچی رکشاوں میں لگے گولیوں کی تڑتڑاہٹ والے پریشر ہارن نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے مرکزی شاہراہ کے اطراف قائم اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں،سکولوں میں زیر تعلیم بچوں،دفاتر اور تجارتی مراکز میں کام کرنے والے تاجروں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے شہری آبادی میں پریشر ہارن کے بڑھتے ہوئے رجحان نے علاقہ مکینوں کا دن اور رات کا سکون بھی چھین لیا ہے اہل علاقہ نے ڈی سی میانوالی سے شہری آبادی، اسپتالوں اور سکولوں کے قریب ہارن بجانے کو ممنوع قرار دینے کے سائن بورڈ آویزاں کرنے اورشہری آبادی میں پریشر ہارن کے استعمال کے روک تھام کے لئے ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔