ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ میں سٹاف کم،مریض پریشانی کا شکار
بھیرہ(نامہ نگار )تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ میں میڈیکل سٹاف کی کمی کے باعث دور و نزدیک سے آنے والے مریض رل گئے ہیں اس وقت ہسپتال میں صرف چھ ڈاکٹر کام کر رہے ہیں۔۔۔
اور اکثر اوقات ایمرجنسی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ محمد اسماعیل بھی مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں،خواجہ زاہد نسیم ایڈووکیٹ ،محمد اجمل گوندل ، خالد محمود ارائیں دیگرنے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ میں مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے تمام سہولیات میسر ہونے کے باوجود یہاں پر مطلوبہ میڈیکل سٹاف نہ ہونے سے دور نزدیک سے چیک اپ کے لیے آنے والے مریض گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال میں 18 میڈیکل افسران میں سے اس وقت صرف 6 ڈاکٹر کام کر رہے ہیں اور سوائے گائنی کے کسی بھی شعبہ میں کوئی سپیشلسٹ ڈاکٹر نہ ہے ، انہوں نے وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ صوبائی وزیر قانون مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہسپتال میں میڈیکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام حکومت کی طرف سے دی گئی مفت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔